ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ناممکن کو ممکن بنانے والے اِسرو کی ہر طرف ستائش؛ چاند کے جنوبی قطب کو ہی کیوں منتخب کیا گیا؟ کیا کہتے ہیں اسرو چیف

ناممکن کو ممکن بنانے والے اِسرو کی ہر طرف ستائش؛ چاند کے جنوبی قطب کو ہی کیوں منتخب کیا گیا؟ کیا کہتے ہیں اسرو چیف

Fri, 25 Aug 2023 09:29:49    S.O. News Service

بنگلورو،25/اگست (ایس او نیوز/ایجنسی) ناممکن مشن کو ممکن مشن میں تبدیل کرنے اور ہندوستانی خلائی ایجنسی  اسرو کے چندریان مشن کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے بعد اسرو کے چیف ایس سومناتھ نے ان باتوں سے پردہ ہٹایا ہے کہ ان کے ادارے نے اپنا مشن اتارنے کے لئے چاند کے جنوبی قطب کو ہی کیوں منتخب کیا اسرو کو مشن کیلئے کیا کیا پریشانیاں جھیلنی پڑیں اور انہوں نے کیسے اس سے نمٹنے کی کوشش کی۔

انہوں نے بتایا کہ ہندوستان سمیت دنیا بھر کے سائنسداں چاند کے جنوبی قطب کو انتہائی اہم گردانتے ہیں۔ وہاں پانی ، معدنیات ، برف اور دیگر اہم چیزیں ہونے کی بات کئی مرتبہ سامنے آئی ہے۔ انہی چیزوں کی کھوج لگانے کے لئے یہ مشن جنوبی قطب پر بھیجا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل چندریان ۲؍ ناکام رہا تھا کیوں کہ ہم نے ’ہارڈ لینڈنگ ‘ کرنے کی کوشش کی تھی مگر اس مرتبہ کامیابی ملی کیوں کہ ہم نے سافٹ لینڈنگ کی۔

ایس سومناتھ نے بتایا کہ چندریان کے مشن3 پر کام کرنے والی ٹیم کے لئے چندریان2 کا تجربہ کافی کام آیا کیوں کہ ہمیں اندازہ ہو گیا تھا کہ راکٹ کس طرح تیار کرنا ہے اور روور مشین کا کام کیسے مکمل کروایا جائے گا۔ انہوں نے حالانکہ یہ اعتراف کیا کہ چندریان2 کا لینڈر اور روور ہارڈ لینڈنگ کی وجہ سے بالکل تباہ ہو گئے تھے ۔ ہمیں وہاں سے کچھ نہیں ملا لیکن ہمارے پاس پورے مشن کو دوبارہ کھڑا کرنے کا جذبہ تھا اور ساتھ ہی ہمارے پاس اب کافی تجربہ تھا جس کا ہم نے تیسرے مشن کے لئے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ انہوں نے بتایا کہ کووڈ کی وجہ سے انہیں کافی پریشانیاں پیش آئیں کیوں کہ کئی طرح کی پابندی اس وقت لگ گئی تھیں لیکن ہم نے ہمت نہیں ہاری۔

چندر یان مشن کی کامیابی کے بعد پوری دنیا کے ممالک اسرو کی ستائش کررہے ہیں۔ خود اسرو کے چیف سومناتھ نے کہا کہ انہیں کئی ممالک کے سربراہان، خلائی ایجنسیوں کے عہدیداران اور اہم شخصیات کی جانب سے  پیغامات موصول ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکہ کی جانب سے بھی  اسرو کی بھرپور ستائش کی گئی ہے۔ امریکہ نے باقاعدہ بیان جاری کرکے کہا کہ اسے اسرو کی کامیابی پر فخرہے اور اس بات کی خوشی بھی ہے کہ وہ  ہندوستان جیسے بہترین ملک کا دوست ہے۔ امریکہ کے علاوہ سعودی عرب ، پاکستان ،  روس ، برطانیہ ، جرمنی ، یو اے ای ، آسٹریلیا، چین ، جاپان ، یورپ کے متعدد ممالک اور افریقی ممالک نے ہندوستانی خلائی ایجنسی کے جذبے کی ستائش کی ہے۔

دریں اثناء اسرو کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ ہندوستان کا روور پرگیان اب چاند پر گھوم رہا ہے اور مٹی پر اپنے نشانات چھوڑ رہا ہے۔ وکرم سارا بھائی خلائی مرکز  کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اُنی کرشنن نائر نے بتایا کہ روور جمعرات کو تقریباً دوپہر میں وکرم  لینڈر سے باہر نکل گیا تھا اور تبھی سے چاند کی سطح پر گھوم رہا ہے۔یہ چاند کی سطح پر اپنے نشانات چھوڑ رہا ہے۔روور کے پہیوں پراسرو کا لوگو اور قومی نشان کندہ کیا گیا ہے، تاکہ یہ گھومنے پر اپنے نشانات چھوڑ سکے۔ روور اور لینڈر کے سولر پینل بھی کھول د ئیے گئے ہیں۔


Share: